کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ ملک میں صدارتی نظام نہیں چل سکتا ۔صدارتی نظام پاکستان میں ناکام ہوچکا ہے،پارلیمنٹ میں بندوق رکھ کر قانون سازی کی جارہی ہے ،حکومت ایسی قانون سازی کرنے جارہی ہے جس سے عوام کے بنیادی حقوق سلب ہورہے ہیں۔
سینیٹ اور قومی اسمبلی کوبے کار کرکے رکھ دیا گیا ہے ۔دہری شہریت کے حامل افراد کو ملک میں انتخابات لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما وقار مہدی اور راشد ربانی موجود تھے ۔
سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ اس پریس کانفرنس کا مقصد اپنے کھلے خط سے آگاہ کرنا ہے۔خط پاکستان کے محنت کش، سیاسی کارکنان ، اسکالرز، طلبا، صحافی اور عوام کے نام لکھا گیاہے۔خط کا عنوان ’’آئین کو جینے دیں‘‘ ہے۔
خط کا تعلق اٹھارویں ترمیم سے ہے سولہ صفحات پر مشتمل ہے۔خط میں آٹھ مختلف عنوان ہیں۔خط وفاق پاکستان، رابطوں کا فقدان، این ایف سی، عدلیہ تبدیلی کا ڈرائیور اور فساد کی جڑ سمیت دیگر عنوانات پر مشتمل ہے۔