• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اجتماعی زیادتی کی شکار خاتون پر سوالات اٹھانا ناقابل قبول ہے، شیریں مزاری


وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری سی سی پی او لاہور عمر شیخ پر برس پڑیں اور کہا کہ اجتماعی زیادتی کی شکار خاتون پر سوالات اٹھانا ناقابل قبول ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز گجر پورہ میں موٹر وے پر ایک المناک واقعہ پیش آیا جب درندہ صفت دو افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا، موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

اس واقعے سے متعلق سی سی پی او لاہور کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا جہاں انھوں نے خاتون کے سفر سے متعلق ہی سوالات اٹھادیے۔

ان سوالات پر وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کا ردِ عمل سامنے آیا جہاں وہ سی سی پی او لاہور پر برس پڑیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیریں مزاری نے کہا کہ ایک افسر کی طرف سے اجتماعی زیادتی کا شکار ہونے والی خاتون پر سوالات اٹھانا ناقابلِ قبول ہے۔

شیریں مزاری نے لکھا کہ یہ کہنا کہ انھیں جی ٹی روڈ سے سفر کرنا چاہیے تھا، یا اس بات پر سوال اٹھانا کہ وہ رات کو اپنے بچوں کے ساتھ کیوں نکلیں، کسی طور پر قبول نہیں کہا جاسکتا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سی سی پی او لاہور عمر شیخ کا یہ بیان خود اس خاتون پر الزام لگانے جیسا ہے۔

شیریں مزاری نے کہا کہ وہ اس معاملے کو دیکھ رہی ہیں، زیادتی کی کوئی توجیہ نہیں ہو سکتی، بس!۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی واقعے کا نوٹس لے لیا جبکہ ان کا کہنا تھا کہ خاتون کے ساتھ ظلم کرنے والوں کو سخت سزا بھگتنا ہوگی۔

تازہ ترین