• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی آؤٹ، زمبابوین کرکٹ ٹیم سیریز کے تمام میچ ملتان اور پنڈی میں کھیلے گی

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ زمبابوے کے خلاف سیریز کے میچ ملتان اور راولپنڈی میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں سینٹرز میں کبھی ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچز نہیں کھیلے گئے ہیں ۔ جبکہ ملتان میں بارہ سال بعد انٹر نیشنل میچ کھیلا جائے گا۔ 16اپریل 2008میں ملتان نے آخری بار پاکستان بنگلہ دیش ون ڈے انٹر نیشنل کی میزبانی کی تھی۔ لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے چار میچ ہوں گے جبکہ ملک کے اہم ترین سینٹر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اس سال کوئی انٹر نیشنل میچ نہیں ہوگا۔ کراچی کے چار گرائونڈز قائد اعظم ٹرافی کے تمام میچوں کی میزبانی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل ملتان جبکہ تینوں ون ڈے پنڈی اسٹیڈیم میں ہونگے۔ ملتان نے اس سال پاکستان سپر لیگ کے میچوں کا کامیاب انعقاد کیا تھا جبکہ پنڈی میں پی ایس ایل کے علاوہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ٹیسٹ میچ ہوئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زمبابوے کی ٹیم بیس اکتوبر کو دبئی سے ملتان پہنچے گی، جہاں قرنطینہ میں ایک ہفتہ گذارے گی ۔ دورہ دس نومبر کو ختم ہوگا۔ پاکستان زمبابوے سیریز کے بعد پاکستان سپر لیگ فائیو کے میچ14 ،15 ،17 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا کہ ملتان ، پنڈی اور لاہور میں ڈریسنگ روم کی دوسری جانب میڈیا سینٹر ہیں اس لئے تینوں گرائونڈ میں میڈیا کو سماجی رابطوں کا خیال رکھنا پڑے گا ۔ان کے علاوہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ فرسٹ الیون کرکٹ ٹورنامنٹ بھی 30 ستمبر سے 18 اکتوبر تک ملتان اور راولپنڈی میں ہوگا۔

تازہ ترین