کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو’’ جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ ملزمان تک پہنچنے کے لئے ثبوت مل گئے ہیں،پیپلزپارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا کہ ہمیں کوئی جوتے نہیں مارسکتا عوام کے نمائندے ہیں ووٹ لے کرآئے ہیں،سینئر تجزیہ کار اوراینکر پرسن منیب فاروق نے کہا کہ نوازشریف کے لئے بہتر ہے وہ ملک سے باہر رہیںکیوں کہ ابھی ان کے لئے سیاسی فضا ہموار نہیں ہے ،نون لیگ کے ووٹر کا خیال بھی یہی ہے کہ نوازشریف ملک سے باہر رہ کرسیاست کریں لیکن نوازشریف کی قانونی اور اخلاقی پوزیشن کمزور ہورہی ہے۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا کہ گجرپورہ میں موٹر وے پرخاتون سے زیادتی کی تحقیقات میں اب تک 12افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ،سی آئی اے حکام،سی سی پی او سے بات ہوئی ہے ۔سی آئی اے اورلاہور پولیس کی بیس ٹیمیں واقعہ کی تفتیش میں مصروف ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے رات ایک بجے کے بعد تک بات ہوتی رہی۔خاتون نے ملزمان کو دیکھا ہے ،ملزمان تک پہنچنے کیلئے ثبوت مل گئے ہیں،جس گاوٴں سے ملزمان کا تعلق ہے اس کا بھی پتا لگا چکے ہیں،پورے علاقے کا نادرا ریکارڈ حاصل کرلیاگیا ہے۔