لاہور(نمائندگان جنگ ،جنگ نیوز، ایجنسیاں) موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے معاملے پر پولیس کاکہناہےکہ زیادتی کے دوران خاتون پر ڈنڈوں سے تشدد کیاگیا۔
ایک ڈولفن اہلکار کاکہناہےکہ وقوعہ کی صورتحال دیکھ کررونگٹے کھڑے ہوگئےجبکہ متنازع بیان دینے والے سی سی پی او لاہور نے کہاہےکہ کیس ہرحال میں حل کرینگے۔
تفصیلات کےمطابق سی سی پی او عمر شیخ نے کہا ہےکہ میں نے بیان معاشرتی پہلوؤں کے تناظر میں دیا،مجھے اتناہی دکھ ہے جیسے میری اپنی بچی ہو،میں نے یہ بیان عام پیغام کے طور پردیاتاکہ احتیاط کی جائے۔
کیس کے حوالے سے ان کا کہناتھاکہ اپنی ذمہ داری سے پہلو تہی نہیں کی،مسئلہ ہرحال میں حل کرینگے،کچھ سراغ ملے ہیں یہ کیس ہرحال میں حل ہوگا،جس جگہ یہ واقعہ ہوا وہاں 5 کلومیٹر کے علاقے میں 3 گائوں ہیں، ملزمان کے گاڑی کا شیشہ توڑنے سے خون نکلا جس کی وجہ سے ہمارے پاس خون کا نمونہ موجود ہے۔
تحقیقات میں رورل اور اربن پولیس کی جدید تکنیک کا استعمال کیا جا رہا ہے، اطلاع ملتے ہی تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا، کھوجیوں،ڈی این جیو فینسگ اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لے رہی ہیں،جلد حل کرلیں گے۔
خاتون سے زیادتی کیس پر چار ٹیمیںتشکیل دی گئی ہیں،دوسری جانب تفتیشی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے ڈی این اے سمیت دیگر اہم شواہد جمع کرلئے، کیمروں سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔