کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سچل پولیس نے مبینہ مقابلے میں2 ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا ، ملزمان کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہو گیا ، پولیس نے اسلحہ، موٹرسائیکل اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق سچل پولیس نے جمعرات کی صبح سپرہائی وے شر گوٹھ کے قریب مبینہ مقابلے میں 2ملزمان کو ہلاک کردیا، اس دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایک شہری شاہ محمد زخمی ہوگیا ِ ، پولیس نے زخمی اور ہلاک ملزمان کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کیں ، پویس کے مطابق شر گوٹھ میں ملزمان نے لوٹ مار کے دوران اسی علاقے کے رہائشی شاہ محمد کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور فرار ہورہے تھے کہ علاقہ مکینوں نے ملزمان کو گھیر لیااس دوران ایک مکین نے 15مددگار پولیس کو اطلاع دی، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ،جہاں ملزمان اور پولیس میں مقابلے کے دوران2ڈاکو ہلاک ہو گئے ،ہلاک ملزمان کی شناخت عامر اور محمد سبحان کے نام سے ہوئی جو فیصل آباد صادق آباد کے رہائشی بتائے جاتے ہیں ملزمان کے قبضے سے اسلحہ،موٹرسائیکل اور شاہ محمد کا موبائل فون برآمد کرلیا ، پولیس نے لاشیں سرد خانے منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔