پولینڈ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نئے سفیر ملک محمد فاروق نے اپنی تقرری کی اسناد پولینڈ کے صدر اندرج ڈوڈا کو پیش کردی ہیں۔
اس سلسلے میں گذشتہ روز وارسا میں صدارتی محل میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر سفیر پاکستان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور سفیر پاکستان نے شہدا کی یادگار پر گلدستہ پیش کیا، اس دوران سفارتخانہ پاکستان کے ٹریڈ و انوسٹمنٹ قونصلر محمد زاہد بھٹی بھی موجود تھے۔
پولش صدر سے ملاقات میں سفیر پاکستان نے پاکستان کے صدر محمد عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کی طرف سے پولش صدر کو نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔
پولش صدر نے سفیر پاکستان کا خیرمقدم کیا اور دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔
سفیر پاکستان ملک محمد فاروق نے بھی اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے ہرممکن کوشش کریں گے۔
یاد رہے کہ ملک محمد فاروق چند ماہ قبل ہی پولینڈ میں پاکستان کے سفیر تعینات ہوئے ہیں۔
ملک محمد فاروق سے قبل شفقت علی خان پولینڈ میں پاکستان کے سفیر تھے جو اب روس میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے اپنی سفارتی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔