راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے رواں مالی سال کیلئے ساڑھے 4ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دیدی۔ بجٹ میں ترقیاتی کاموں کیلئے صرف چالیس کروڑ روپے مختص کئے گئے۔ کورونا وباء کے باعث ہائوس ٹیکس اضافہ کی شرح میں پہلے سال کیلئے پچاس فیصد کمی کر دی گئی ہے ، صدر کنٹونمنٹ بورڈ بریگیڈئر اعجاز قمر کیانی کی زیر صدارت جمعہ کو ہونے والے اجلاس کے دوران رواں مالی سال کے بجٹ کی منظوری کے ساتھ ساتھ 393رہا ئشی،16کمرشل نقشوں اور ترقیاتی منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی ،کینٹ بورڈ حکام کے مطابق رواں مالی سال کے دوران اخراجات کا تخمینہ ساڑھے چار ارب روپے لگایا گیا ہے جبکہ اخراجات بھی ساڑھے چار ارب روپے متوقع ہے ، مختلف ٹیکسوں کی مد میں 2ارب 54کروڑ 93لاکھ جبکہ دیگر متفرق ذرائع سے 92کروڑ 20لاکھ اور 36کروڑ روپے کی وصولیاں متوقع ہیں ، اس سال کیلئے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیابلکہ آئندہ تین سال کیلئے بڑھائے گئے پراپرٹی ٹیکس کی شرح میں رواں مالی سال کیلئے پچاس فیصد کمی کر دی گئی۔آئند ہ تین سال کیلئے کمرشل پراپرٹی ٹیکس میں تیس فیصد جبکہ رہائشی میں بیس فیصد اضافہ کیا گیا تھا جو رواں مالی سال کے دوران پندرہ اور دس فیصد اضافہ کے ساتھ وصول کیا جائے گا ، جو لوگ رواں مالی سال کا ٹیکس جمع کروا چکے ہیں ان کا اضافی ٹیکس آئندہ مالی سال کے دوران ایڈجسٹ کر دیا جائے گا ۔بورڈ میٹنگ میں عا رضی ملا زمین بشمول ڈاکٹر ز /ٹیچر ز کی جا ری مد ت ملازمت میں تو سیع، ، اولڈ گرانٹ اور لیز کے کیسز، مختلف عوا می کا م بشمو ل گلیو ں کی تعمیرو مر مت خصوصاً پانی کے منصوبہ جات، ڈینگی کی روک تھا م کے حوالے سے مختلف آلا ت و سا ما ن کی خریدا ری کی بھی منظو ری دی گئی۔