• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیروت کی بندرگاہ پر ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی

بیروت ( نیوز ڈیسک) لبنانی دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ پر گزشتہ روز پھر آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں شعلے اور دھواں آسمان چھونے لگا۔خبر رساں اداروں کے مطابق بندرگاہ پر امونیم نائٹریٹ کے گودام میں تباہ کن دھماکے کے ایک ماہ 6 روز کے بعد آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ لبنان کے ایک عسکری ذریعے کے مطابق آگ ٹائروں اور تیل کے ایک گودام میں لگی، تاہم بندرگاہ کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ آگ کی وجوہات سے متعلق فوری طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ لبنان کی انجمن ہلال احمر نے آتش زدگی کے تازہ واقعے میں لوگوں کے زخمی ہونے سے متعلق اطلاعات کی تردید کی ہے۔ البتہ تنظیم کا کہنا ہے کہ بعض لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرناپڑا۔ بیروت کے مکینوں نے سوشل میڈیا پر بندرگاہ پر لگی آگ کی وڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ فائر بریگیڈ کا عملہ گاڑیوں سمیت بندر گاہ پر پہنچا اور آگ بجھانے کی کارروائی کی۔ لبنانی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فوجی ہیلی کاپٹروں کو بھی آگ پر قابو پانے کی امدادی سرگرمی میں حصہ لینے کے لیے بھیجا گیا ہے۔ مقامی ٹی وی نے ایک ہیلی کاپٹر کے بندرگاہ کی فضا میں پرواز کرتے ہوئے فوٹیج بھی نشر کی ہے۔
تازہ ترین