• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقدمات جلد نمٹانے کیلئے جدید سہولتوں سے استفادہ کرینگے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

لاہور (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے کہا ہے کہ مقدمات جلد نمٹانے کیلئے جدیدسہولتوں سے استفادہ کرینگے، ضابطہ دیوانی میں ہونے والی ترامیم سے مقدمات کے جلد فیصلے ممکن ہوسکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں فل کورٹ اجلاس سے خطاب میں کیا۔فل کورٹ میں عدالت عالیہ کے تمام جج صاحبان نے شرکت کی۔تین جج صاحبان اپنی ضروری ذاتی وجوہات کی بنا پر تشریف نہ لاسکے۔ تمام جج صاحبان نے عدالت عالیہ اور ضلعی عدلیہ کے معاملات پر مختلف امور کے حوالے سے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اس موقع پر تمام جج صاحبان کی مثبت تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم مستقبل میں مقدمات جلد اور بہتر انداز میں نمٹانے کیلئے جدید سہولتوں اور طریقہ کار سے استفادہ کرینگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضابطہ دیوانی میں ہونیوالی ترامیم کے نفاذ سے مقدمات کے جلدازجلد فیصلے ممکن ہوسکیں گے، غیرضروری تاخیر اور مقدمات کے التواء سے بچا جا سکے گا۔اجلاس میں تمام جج صاحبان نے اجتماعی طور پرکیس مینجمنٹ سسٹم کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئےکہا کہ انتظامی اتھارٹی کو ہدایات دی جائیں کہ وہ عوام کو ادارہ جاتی سطح پر ریلیف دینے کا انتظام کریں تاکہ لوگ اپنے چھوٹے چھوٹے معاملات کیلئے عدالتوں کا رخ نہ کریں تاکہ عدلیہ پر مقدمات کا بوجھ کم ہو سکے۔فل کورٹ نے مجموعہ ضابطہ دیوانی کے قواعد میں منظور شدہ ترامیم کو یکم نومبر 2020ء سے نافذالعمل کرنے کی تجویز کو منظور کرلیا۔ اجلاس میں نئے عدالتی سال میں جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کیلئے متعدد اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

تازہ ترین