• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان ،چوہدری نثار،وزیراعلیٰ پنجاب کا خاندان ایک ہی پرواز میں لندن گئے

لاہور( مانیٹرنگ  سیل )  تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیر اعلیٰ   شہباز شریف کا خاندان ایک ہی پرواز سے لندن گیا ۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے لندن جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 757اس حوالے سے توجہ کا مرکز رہی   کہ اس میں مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والی سیاسی شخصیات   نے اکٹھا سفر  کیا  ۔ پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین ، علیم خان اور عون چودھری بھی اسی پرواز میں عمران خان کے ہمراہ تھے ۔ جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنماءپیر مظہر الحق بھی اسی پرواز کے ذریعے لندن روانہ ہوئے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان لندن میں شوکت خانم ہسپتال کیلئے فنڈ ریزنگ اور پانا مالیکس معاملے پر فرانزک فرمز کے حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ چودھری نثار علی خان اپنی اہلیہ کے علاج کیلئے لندن کے راستے جرمنی جا رہے ہیں تاہم وہ لندن میں دو گھنٹے قیام کے بعد جرمنی کیلئے روانہ ہونگے۔ پی کے 757 کی بزنس کلاس میں عمران خان اور چودھری نثار کے درمیان دونشستوں کا فاصلہ تھا۔ چودھری نثار کا سیٹ نمبر ”ون اے“ جبکہ عمران خان کی سیٹ کا نمبر”ون ایچ “ تھا۔ سفر پر روانگی سے قبل دونوں سیاسی رہنماؤں کا آمنا سامنا ہوا تو دونوں نے چہرے پر مسکراہٹ سجا کر ایک دوسرے کو خوش آمدید کہا ، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ناصرف گرم جوشی سے مصافحہ کیا بلکہ ایک دوسرے کی خیریت بھی دریافت کی اور نرم جملوں کا تبادلہ کیادونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تازہ ترین