• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راشد محمود کو 620 روپے کا چیک دینے پر شمعون عباسی سرکاری ٹی وی پر برہم

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار راشد محمود کو محرم الحرام میں مرثیہ پڑھنے پر سرکاری ٹی وی چینل کی جانب سے صرف 620 روپے کا چیک دینے پر شمعون عباسی نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ دِنوں سرکاری ٹی وی چینل نے سینئر اداکار راشد محمود کو محرم الحرام میں مرثیہ پڑھنے پر صرف 620 روپے کا چیک بھیجا تھا جس کے بعد راشد محمود نے سرکاری ٹی وی چینل پر مزید کام نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

راشد محمود کا کہنا تھا کہ سرکاری ٹی وی چینل نے 620 روپے کا چیک بھیج کر اُن کی سالوں کی خدمات کی تضحیک کی ہے۔

سرکاری ٹی وی چینل کی جانب سے راشد محمود کے فن کی تضحیک کرنے پر اداکار شمعون عباسی خاموش نہ رہے اوراُنہوں نے اِس حوالے سے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پیغام جاری کیا۔

یہ بھی پڑھیے: ہمارے یہاں اب فلمسازی کے معیار میں بہتری آرہی ہے ،راشد محمود

شمعون عباسی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اداکار راشد محمود کی اور اُس چیک کی تصویر شیئر کی جو سرکاری ٹی وی چینل کی جانب سے سینئر اداکار کو بھیجا گیا تھا۔

ٹوئٹر پر راشد محمود اور چیک کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے شمعون عباس نے لکھا کہ ’پاکستان ٹیلیوژن نیٹ ورک جیسے ادارے کی طرف سے مسٹر راشد محمود کو صرف 620 روپے کی ادائیگی کرنا میری سمجھ سے باہر ہے۔‘

شمعون عباسی نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ ’آخر اِس ملک میں پرائڈ آف پرفارمنس اداکار کو اُس کے کام کی ادائیگی کرنے کا کیا معیار ہے؟‘

یہ بھی پڑھیے: فلم انڈسٹری کا اچھا وقت شروع ہوگیا ہے، اداکار راشد محمود

اداکار نے سوال کیا کہ ’کیا راشد محمود نے کئی دہائیوں تک شوبز انڈسٹری کے لیے اپنی خدمات سرانجام نہیں دی ہیں؟

واضح رہے کہ راشد محمود پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے سینئر اداکار ہیں جنہیں پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا ہے۔

تازہ ترین