• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں 7 ماہ کے بعد کل سے اسکول کھل جائیں گے


سندھ سمیت ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے 15 سے 30 ستمبر کے دوران کھول دیئے جائیں گے، کپڑے یا سرجیکل ماسک لازمی ہوگا، جبکہ مانیٹرنگ کمیٹیاں بھی معائنہ کریں گی۔

ملک بھر میں کورونا کیسز میں کمی آنے کے بعد تقریباً 7 ماہ بعد کل سے سندھ بھر میں بھی تدریسی سرگرمیوں کا آغاز ہورہا ہے، وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 15 ستمبر سے نویں جماعت سے لے کر جامعات کھولی جائیں گی۔

22 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت جبکہ 30 ستمبر کو پری پرائمری اور پرائمری کلاسزبھی بحال ہو جائیں گی۔

وزیرتعلیم نے کہا تھا کہ اگر کسی اسکول یا علاقے میں کوووڈ 19 بڑھتا ہے تو وہ اسکول یا متعلقہ علاقے کے اسکولز بند کئے جاسکتے ہیں ، اسکولوں کے لئے بنائی گئی ایس او پی ایز کے مطابق طلباء، اساتذہ اور اسکول عملے کے لیے سرجیکل یا کپڑے کا ماسک لازمی ہوگا، تمام تعلیمی ادارے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اگر کسی بچے کو بخار یا کھانسی ہے تو وہ اسے اسکول نہ آنے دیں۔

بچوں کو وقفے وقفے سے ہاتھ بھی دھونے ہوں گے، ایک دوسرے سے لنچ شیئرنہیں کرنا ہوگا، اساتذہ کو بچوں کو سماجی فاصلے کی ہدایت کرتے رہنا ہوگا،جبکہ طلباء کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو بھی آگاہی دئیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے ضلع وسطی میں سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کو نہ صرف آگاہی دی گئی بلکہ ان کے کورونا ٹیسٹ بھی کروائے گئے ہیں۔

تازہ ترین