ملتان(اے پی پی) راجن پور کچہ جمال میں چھوٹو گینگ کےخلاف آپریشن کے سلسلہ میں چیف سیکرٹری پنجاب ،ہوم سیکرٹری پنجاب اورآئی جی پنجاب کی ملتان آمد، اہم شخصیات سے ملاقات اورآپریشن میں فورسز کی حکمت عملی کاجائزہ لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب مشتاق حسین سکھیرا،چیف سیکرٹری زاہد سعید اور ہوم سیکرٹری میجر(ر)اعظم سلیمان جمعرات کے روزملتان پہنچے اوراہم شخصیات سے ملاقات کی ۔اس موقع پرچھوٹو گینگ کےخلاف کارروائی کے مختلف آپشنز کاجائزہ لیاگیا۔این این آئی کے مطابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے کورکمانڈر ملتان سے ملاقات بھی کی اور راجن پور میں جاری چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے راجن پور کے کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ کے قبضے سے متعلق بھی کورکمانڈر ملتان کو آگاہ کیا۔رحیم یارخان سے سٹی رپورٹر کے مطابق آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا، آر پی او ڈیرہ غازی خان رحمت اللہ نیازی، رینجرز اور آرمی کے افسران سمیت ہیلی کاپٹر کے ذریعے ملتان روانہ ہوگئے۔