• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی صدر ابراہم لنکن کے بال نیلام، قیمتِ خرید نے ہوش اڑادیے

آج سے تقریباً ڈیڑھ صدی قبل ریپبلکن پارٹی سے منتخب ہونے والے پہلے جبکہ امریکا کے 16ویں صدر ابراہم لنکن کی باقیات نیلام کردی گئیں جن کی قیمتِ فروخت نے خود نیلامی کنندہ کے ہوش اڑادیے۔

امریکا کے صدر ابراہم لِنکن کو اس دنیا سے گزرے 155 برس گزر گئے، لیکن اب ان کے بالوں کے گُچھے کو نیلامی کے لیے پیش کیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ابراہم لنکن کے بالوں کے اس گچھے کے ساتھ ایک خط کو بھی نیلام کیا گیا۔

آر آر آکشن آف بوسٹن کے مطابق اس کی فروخت کا ممکنہ تخمینہ 75 ہزار امریکی ڈالر لگایا گیا تھا، تاہم اس کو خریدار نے 81250 امریکی ڈالر تقریباً ایک کروڑ 73 لاکھ پاکستانی روپے میں خرید لیا۔

نیلام کنندہ کی جانب سے سابقہ امریکی صدر کے بالوں کو خریدنے والے اس شخص کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ امریکا کے 16ویں صدر ابراہم لنکن کو 14 اپریل 1865 کو ایک تھیٹر میں جے ڈبلیو بوتھ نامی اداکار نے سر میں گولی مار کر زخمی کردیا تھا۔

زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ابراہم لنکن 15 اپریل کی صبح اسپتال میں دم توڑ گئے تھے۔

غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق ابراہم لنکن کے پوسٹ مارٹم کے بعد ڈاکٹر نے ان کے کچھ بال کاٹ کر ایک گُھچا بنا لیا تھا۔

پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر ابراہم لنکن کی اہلیہ کے کزن ڈاکٹر ٹوڈ ہی تھے جنہوں نے دوران پوسٹ مارٹم بالوں کا گچھا بنایا۔

بعد ازاں ڈاکٹر ٹوڈ کے سیکریٹری کی جانب سے ان بالوں کو وار ڈپارٹمنٹ کے ایک ٹیلی گرام کے ساتھ منسلک کرکے انھیں پیش کیا گیا اور اب اِنھیں اسی ٹیلی گرام کے ساتھ نیلام کیا گیا ہے۔

تازہ ترین