کراچی(عبدالماجد بھٹی/اسٹاف رپورٹر) پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں ترقیاتی کام سست روی سے جاری ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ آئندہ سال بھی پشاور میں پاکستان سپر لیگ کا کوئی میچ نہیں ہوسکے گا اسی طرح کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں بھی پی ایس ایل میچ نہیں ہوسکیں گے۔ پی سی بی چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے جنگ میں شائع ہونے والی خبر کی تصدیق کی کہ زمبابوے کی سیریز راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی جبکہ 2021 میں تمام ہوم سیریز کے لیے راولپنڈی، کراچی، ملتان اور لاہور کے اسٹیڈیمز استعمال ہوں گے۔ چند ماہ قبل پی سی بی نے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں سپرلیگ کے میچ کرانے کا دعوی کیا تھا۔ تاہم پی سی بی کی ایک معائنہ ٹیم نے گذشتہ دنوں پشاور کا دورہ کیا اور گرائونڈ کو کو بڑے میچز کیلئے ان فٹ قرار دے کر فروری میں پشاور میں کوئی میچ نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وسیم خان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر پی سی بی ارباب نیاز اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام کروا رہا ہے ۔ البتہ فی الحال بورڈ دیگر اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کا کام نہیں کر رہا۔ مستقبل میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ دیگر اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کا کام کریں گے۔ واضح رہے کہ پشاور پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی کا ہو م گرائونڈ تھا۔ امکان ہے کہ 2021میں بھی چار سنٹرز کراچی،لاہور، پنڈی اور ملتان ہی میں پی ایس ایل کے میچ ہوں گے۔