• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف قانون پسند ہیں تو فیصلہ مانیں، شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا فیصلہ آگیا، ان میں ذرا بھی قانون کی پاس داری ہے تو فیصلہ قبول کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے میڈيا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کئی ایسے قیدی ہیں جو ان کی نسبت زیادہ خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہیں، ان کے اعمال جیل والے ہیں لیکن وہ جیل میں رہ نہیں سکتے۔

انہوں نے کہا کہ اب حمزہ شہباز کو بھی جیل ناگوار گزر رہی ہے اور وہ اسپتال جانا چاہتے ہیں۔

علاوہ ازیں معاون خصوصی شہباز گِل کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کا مذاق ن لیگ نے بنایا، پلیٹ لیٹس کو اسٹاک ایکس چینج کے شیئرز کے اتار چڑھاؤ کی طرح پیش کیا جاتا رہا، میاں صاحب کی رپورٹس میں ہیر پھیر کیا گیا، نواز شریف کی صحت سے متعلق دعاگو ہیں۔

دوسری جانب اپنے والد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے اجراء پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ جج ارشد ملک نے بےگناہی، بلیک میلنگ اور زبردستی فیصلہ دلوانے کا بھی اعتراف کیا تھا۔ اسی میں ان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم آیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا کہنا ہے سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، نواز شریف بیرون ملک 4، 5 اسپتالوں میں زیر علاج رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی حاضری سے استثنا کی درخواست مسترد کردی اور 22 ستمبر کو حاضری کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔

تازہ ترین