• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون زیادتی کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا‘عمران خان

لاہور (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتیوں کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ خاتون زیادتی کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور مجرموں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

وزیراعظم نے نشہ آور مصنوعات فروخت کرنے والے عناصر اور قبضہ مافیا کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اشیاءضروریہ خصوصاً گندم کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

وہ منگل کو لاہور میں صوبہ پنجاب میں امن وامان، اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور ان کی قیمتوں اور فلاحی منصوبوں کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس میں ملک بھر میں ایک ایمرجنسی نمبر نافذ کرنے اور جرائم کا سنٹرل ڈیٹابیس قائم کرنے پر غور کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی سہولیات کی فراہمی کا مقصد غرباءاور نادار افراد کی خدمت کرنا ہے۔

وزیراعظم نے خصوصی تاکید کی کہ پناہ گاہوں اور لنگر خانوں میں آنے والے افراد کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے اور دیہاڑی دار طبقہ پر خاص توجہ دی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انصاف، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی اور بنیادی سطح پر عوام کو بااختیار بنانا اور ان کو نمائندگی دینے سے ہی بہتر طرز حکومت اور عوامی خدمت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ فلاحی ریاست کی طرف سفر ہی قوم کی خوشحالی کا سفر ہے۔

تازہ ترین