• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا ریڈ برج ہائی لینڈرز پرائمری سکول کو لیپ ٹاپ کا عطیہ

لندن (جنگ نیوز) سندھ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن یوکے نے ریڈ برج کے ہائی لینڈز پرائمری اسکول کو لیپ ٹاپس کا عطیہ پیش کیا ہے تاکہ لاک ڈائون کے دوران کمپیوٹرنہ ہونے کے سبب پیچھے رہ جانے والے طلبہ ان لیپ ٹاپس کے ذریعے پڑھائی کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔ پرائمری اسکول کے ہیڈ ٹیچر ڈاکٹر اٹوال کو لیپ ٹاپ پیش کیے جانے کے موقع پر مقامی رکن پارلیمنٹ سیم ٹیری، ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر شاہ بخش لاشاری، خازن ڈاکٹر ضیاء الدین شیخ، بانی رکن و ٹرسٹی ڈاکٹر شہاب دین کلہوڑو، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر فہد میمن اور کوآرڈینیٹر ڈپٹی ہیڈ ٹیچر سندیپ کور بھی موجود تھیں۔ رکن پارلیمنٹ سیم ٹیری نے ایسوسی ایشن کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ فہد میمن نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی طرف سے10لیپ ٹاپ اسکول کو پیش کیے گئے ہیں، کیونکہ بہت سے بچے کمپیوٹرنہ ہونے کے سبب آن لائن لرننگ سے محروم ہورہے تھے، انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے فیصلہ کیا کہ چونکہ یہ لوگ یہاں رہتے ہیں، اس لیے ہمیں اس کمیونٹی کے لیے بھی کچھ کرنا چاہیے، فی الحال صرف10لیپ ٹاپ دینے کا بندوبست کیا ہے لیکن مستقبل میں بھی ہم مزید مدد بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے تحت صحت اور تعلیم کے شعبوں کے حوالے سے پاکستان میں کئی پراجیکٹس چل رہے ہیں، سندھ کے چھ اضلاع میں بارش کے بعد کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہم نے ایمرجنسی ریلیف کا کام شروع کردیا ہے اور اس ضمن میں فنڈز بھی جمع کیے جارہے ہیں، ہیڈ ٹیچر ڈاکٹر اٹوال اور سندیپ کور نے کہا کہ ان لیپ ٹاپ سے طلبہ کو بہت سپورٹ ملے گی اور دونوں ممالک کے درمیان طلبہ کے درمیان تعلق بھی قائم ہوگا۔

تازہ ترین