• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین اور بچوں کیخلاف جرائم میں ملوث مجرموں کو سزائیں دی جائیں، پرویز اقبال

برسلز(عظیم ڈار) پاکستان مسلم لیگ ن بلجیم کے صدر حاجی پرویز اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں خواتین اور معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے درندوں کو سرعام سزائیں دی جائیں۔حکومت اور اپوزیشن کو مل کر اس پر مکمل قانون سازی کرنی چاہیئے تاکہ کسی کو ایسا کرنے کی جراُت اور ہمت نہ ہو۔موجودہ دور حکومت میں ایسے واقعات کا تسلسل سے ہونا لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آئے روز خواتین بچے اور بچیوں کے ساتھ زیادتیاں ہو رہی ہیں۔ مگر قانون حرکت میں نہیں آرہا اور حکومت کی جانب سے ایسے مجرموں کے خلاف کوئی ایکشن ہوتا نظر نہیں آرہا۔ انھوں نے خواتین اور بچے بچیوں کے ساتھ ذیاتیوں کو موجودہ حکومت کےلیے بہت بڑا لمحہ فکریہ قرار دیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلا ف قانون سازی کرکے ان انسان نما درندوں کو پھانسیاں دی جائیں۔اس حوالے سے ایران اور چین سے سبق لینے کی ضرورت ہے جہاں منشیات بیچنے والوں کو سرعام پھانسی پر لٹکا دیا جاتا ہے جبکہ ہمارے ہاں عالمی طاقتوں کے ڈر کا سہارا لےکرمجرموں کو چھوڑ دیا جاتا ہے اور ظلم سہنے والوں کو بدنام کرکے انہیں خودکشیوں پر مجبور کردیا جاتا ہے۔اسلام دین فطرت ہے اگر اسلامی سزاؤں پر عمل درآمد ہو تو کسی کو جرات نہ ہو گی کہ وہ ایسے گھناؤنے جرائم کریں۔حاجی پرویز اقبال نے کہا کہ سی سی پی او لاہور کا بیان انتہائی شرمناک ہے ۔ایسا بیان دیتے ہوئے شرم آنی چاہیئے تھی، اوورسیز پاکستانیوں کو ریڑھ کی ہڈی کہنے والے کہاں سو رہے ہیں؟اب یہاں کوئی اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاری کرے گا؟ قانون نافذ کرنے والے ادارے رابطہ کرنے کے باوجود تاخیر سے پہنچیں تو قصور وار کس کو ٹھرایا جائے گا۔حاجی پرویز اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن بلجیم ایسے واقعات کی بھر پور الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔ 

تازہ ترین