• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارلیمان کی کارروائی کو پاؤں تلے روندا گیا، شہباز شریف

پارلیمان کی کارروائی کو پاؤں تلے روندا گیا، شہباز شریف


اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں فنانشل ایکشن ٹاسک (FATF) سمیت دیگر بلوں کی منظوری پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ گنتی میں ہیرا پھیری ہوئی۔

اسپیکر نے ریڈ لائن عبور کی انکے متعلق جلد فیصلہ کرینگے،آج پارلیمان کی کارروائی کو پاؤں تلے روندا گیا ہےجبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد یہ سب غیر آئینی ہے، اسپیکر کے پاس اجازت نہیں ہے کہ وہ قائد حزب اختلاف کو روک سکیں، اتنا غیر جمہوری رویہ کبھی نہیں دیکھا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے متحدہ اپوزیشن کے واک آؤٹ کے بعد اپوزیشن لیڈرز کے چیمبر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا اسعدالرحمان ، خواجہ آصف سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ ʼایف اے ٹی ایف سے متعلق حالیہ دنوں میں جو بل منظور کروائے گئے ہیں اس میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے اپنے پاکستانی ہونے کا بھرپور اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنی ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہو کر ایف اے ٹی ایف کے بل کا ساتھ دیا تاکہ پاکستان کے قومی مفاد پر کوئی قدغن نہ آئے۔شہباز شریف نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق بلوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس معاملے پر یکسوئی سے حکومت کے ساتھ کھڑے تھے تاکہ مخالفین اور پاکستان کے خارجہ معاملات میں دشمنوں کو کوئی موقع نہ ملے اور تندہی سے کام کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جو ترامیم کی گئیں اس میں وقف املاک بل پر کوئی اختلاف نہیں تھا لیکن حکومت نے اسپیکر کو حکم دیا اور انہوں نے تمام حدوں کو پھلانگ دیا۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ میں اسپیکر سے سخت احتجاج کروں گا کیونکہ انہوں نے مجھے بولنے کا موقع نہیں دیا، میں پہلی مرتبہ ان کے سامنے گیا لیکن میرے ساتھ بات تک نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا اسپیکر کا یہ رویہ انتہائی غیرپارلیمانی ہے اور اپوزیشن اس کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور باہمی مشاورت سے اسپیکر کے بارے میں فیصلہ کرینگے ۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پارلیمانی روایات کیلئے یہ سیاہ دن تھا، اپوزیشن کی جانب سے تعاون کے باوجود اس طرح کے اقدامات کیے گئے۔انہوں نے کہا جو لوگ کہتے تھے کہ این آر او مانگ رہے ہیں، وہ جھوٹ کہتے تھے کیونکہ اپوزیشن تو پہلے سے ہی نیب کے تمام جھوٹے مقدمات کا سامناکررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن گزشتہ دو ڈھائی برسوں سے حوصلے کے ساتھ جیلیں برداشت کررہی ہے لیکن ہم پاکستان کے مسائل پر بات کررہے ہیں کیونکہ مہنگائی ہوئی ہے اور لوگوں کی مشکلات میں بدترین اضافہ ہوا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے نظام کو ڈی ریل نہ کرنے کی کوشش کی اور عوامی مسائل پر بات کی لیکن اس کا جو جواب انہوں نے دیا ہے پوری قوم اس کی گواہ ہے اور ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

تازہ ترین