اسلام آباد(نمائندہ جنگ) ایوان بالاء کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے انسداد دہشت گردی تیسرے ترمیی بل 2020ء کو کثرت رائے سے منظور کر لیاہے۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو چیئرمین کمیٹی سینیٹر رحمان ملک کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔سینیٹر سجاد حسین طور ی کی جانب سے 15ستمبر 2020ء کو سینیٹ اجلاس میں متعارف کرائے گئے انسداد دہشت گردی (تھرڈ ترمیمی) بل 2020کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ ملک کی مفاد کی خاطر ایف اے ٹی ایف کیلئے ضروری قانون سازی کی ضرورت ہے البتہ یہ بھی دیکھنا ضروری ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی طرف سے کون سی قانون سازی کی ضرورت ہے قائمہ کمیٹی کو ایف اے ٹی ایف کی طرف سے وصول شدہ خط بھی فراہم کیا جائے۔