پشاور میں آگ لگنے اور تکنیکی خرابی کے بڑھتے واقعات کے باعث بی آر ٹی سروس معطل ہوگئی ،صبح سویرے بس اسٹاپس پہنچنے والے مسافروں کا استقبال ’بس سروس معطل ہے‘ کے بورڈ نے کیا، صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی کاکہنا ہے کہ سروس حفاظتی طور پر معطل کی ہے۔
خیبر پختونخوا میں وزیر برائے ثقافت شوکت یوسف زئی کاکہنا ہے کہ کل ماس ٹرانسزٹ بورڈ میٹنگ ہوگی جس میں معاملات کا جائزہ لیا جائے گا، بی آر ٹی کی بسیں انشورڈ ہیں اور وارنٹی میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بسیں چلانے کے بعد مختلف فالٹس سامنے آئے ہیں جس کے بعد بی آرٹی بنانے والی کمپنی نے کہا ہے کہ حفاظتی طور پر سروس معطل کردیں۔
شوکت یوسف زئی نے بتایا کہ جب بسوں کا ٹرائل کیا تو اس وقت کوئی فالٹ نظر نہیں آیا تھا۔
بی آر ٹی سروس معطل ہوجانے کے سبب صبح سویرے سے ہی شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے،بی آر ٹی اسٹاپس پر ’بس سروس معطل ہے‘ کے بورڈ آویزاں کردیئے گئے۔
ترجمان بی آر ٹی کاکہنا ہے کہ عارضی طور پر سروس معطل کرنےکی وجہ بسوں میں آگ لگنے کے واقعات ہیں اور یہ فیصلہ مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بسوں کو تکینیکی اعتبار سے کلیئر کرنے کے بعد چلایا جائے گا،جبکہ بسوں میں آگ لگنےکی تحقیقات کےلیےچین سے 5 رکنی ٹیم پہنچ چکی ہے۔
واضح رہے کہ سروس معطل ہوجانے کے بعد بی آر ٹی کی 128 بسیں چمکنی ڈپو میں کھڑی کر دی گئی ہیں۔