• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے محافظ ملزم نہیں متاثرین پرالزام لگاتےہیں، بلاول


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جن کا کام تحفظ دینا ہے وہ ملزم پر نہیں متاثرہ خاتون پر الزام اٹھاتے ہیں، اس ریاست مدینہ میں سیلاب متاثرین کی مشکلات کا ازالہ کرنےکو تیار نہیں، نئے پاکستان میں ہمارے حقوق سلب کیے جارہے ہیں۔

پاکستان بار کونسل کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پارلیمان کو بے اختیار کرکے زبردستی قانون منظور کیا گیا، اسپیکر صاحب، ووٹ کی دوبارہ گنتی کا حق ماننےکو تیار نہیں تھے، اگر ہمیں نہیں سنا گیا تو ہم بھی سوچنے پر مجبور ہوں گے کہ کب تک پارلیمنٹ ربر اسٹیمپ رہے گی۔

بلاول بھٹو زردای نے کہا کہ آج بھی جان لیوا حملے ہوتے ہیں، کردار کشی کی جاتی ہے مگر موقف پر قائم ہیں، ملک میں تھوڑی بہت جمہوریت، میڈیا کی آزادی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق پر ہم سمجھوتا کرنے کو تیار نہیں ہیں، میرے خاندان نے بہت قربانیاں دی، اب ہم حساب چاہتے ہیں، جبکہ اٹھارویں ترمیم ہو، این ایف سی یا انسانی حقوق، ہم سمجھوتے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہمیں مشترکا حکمت عملی بنانا ہوگی، امید رکھتے ہیں کہ تمام جماعتیں ساتھ مل کر اس ہائبرڈ رجیم سے چھٹکارہ پائیں گی، پہلے پارلیمان کو آزاد کرائیں گے پھر اس ملک کو بھی آزاد کرائیں گے۔

تازہ ترین