• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی نے پی ایس ایل کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس پارٹنر سے معاہدہ ختم کردیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے واجبات کی ادائیگی سمیت متعدد مرتبہ معاہدے کی دیگر سنگین خلاف ورزیاں کرنے پر پاکستان سپر لیگ 2020 کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس پارٹنر سے اپنا معاہدہ ختم کردیا ہے۔ پی ایس ایل کے میڈیا رائٹس برائے 2019ء تا 2021ء ٹیک فرنٹ انٹرنیشنل ایف زیڈ ای نے حاصل کر رکھے تھے ۔جمعرات کو پی سی بی نے اعلان کیا کہ پی سی بی نے ان کی جانب سے متعدد مرتبہ کنٹریکٹ کی سنگین خلاف ورزیاں کرنے پر اب یہ معاہدہ ختم کردیا ہے۔پاکستان سپر لیگ کے پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید کا کہنا ہے کہ پی سی بی ایک پیشہ ور ادارہ ہے جو شفافیت سے کام کرتا ہے۔ اس معاملے میں متعدد مرتبہ یاد دہانی اور رابطے کے باوجود پارٹنر اپنی ذمہ داریاں اور معاہدے کی پاسداری کرنے میں ناکام رہا، جس کے بعد پی سی بی کے پاس معاہدے کو ختم کرنے کے علاوہ اور کوئی آپشن باقی نہ رہا۔شعیب نوید کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے لیے اس معاہدے کو اس وقت ختم کرنا اس لیے بھی ضروری تھا کیونکہ پی سی بی کو پی ایس ایل کے آئندہ ایونٹ کے لیے نئے شراکت دار کو ڈھونڈنے میں اب مناسب وقت مل جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی نے بین الاقوامی علاقوں کے لیے متعلقہ براڈکاسٹرز اور مختلف سب لائسنسی سے رابطے بھی شروع کردئیے ہیں۔ پی سی بی نےپی ایس ایل 2021ء کے لیے ایک مربوط میڈیا رائٹس اسٹریٹجی تیار کرنے کے عمل کا بھی آغاز کردیا ہے۔ پی سی بی اس حوالے سے اپنے نقصان کو پورا کرنے کے دعویٰ کا حق محفوظ رکھتا ہے اور وہ اس سلسلے میں لیگ اور اس کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سخت ترین اقدامات کرے گا۔

تازہ ترین