پشاور ( وقائع نگار) نانبائیوں کو آٹے کا کوٹا دینے کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہ سے پشاور کے باسی کم وزن مہنگی روٹی خریدنے پر مجبور ہیں اور نانبائی 140گرام روٹی 15روپے میں فروخت کررہی ہے ۔ نانبائیوں کو آٹے کا کوٹہ پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے جاری کیا ہے لیکن اس سے روٹی نہ پکنے کا بہانہ بناکر دس روپے کی بجائے نانبائی 15روپے میں پنجاب کے فائن آٹے کے کم وزن روٹی فروخت کررہے ہیں چھاپوں کے ڈر سے دوپہر کے وقت 170گرام پیڑا سے 150گرام روٹی جبکہ شام اور صبح کے وقت 160گرام پیڑ اسے 140گرام روٹی 15روپے میں فروخت کررہے ہیں تاہم گلی محلے کے نانبائی 100گرام روٹی 10 روپے میں فروخت کررہے ہیں شہریوں کاکہناہے کہ پشاورکی ضلعی انتظامیہ نانبائیوں کو لگام دینے میں ناکام ہوگئی ہے جبکہ صوبائی حکومت نے بھی خاموشی اختیار کی ہوئی ہے دوسری جانب نانبائی ایسوسی ایشن کاکہناہے کہ مجبوری کی حالت میں پنجاب کے آٹے کی روٹی 15روپے میں فروخت کررہے ہیں ہمارے مطالبات کی طرف کسی قسم کی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔