• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی آرٹس کونسل میں’عوامی تھیٹر فیسٹیول‘ کا رنگا رنگ آغاز


صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے سرکاری محکمہ ثقافت سے پہلے ہی عوامی تھیٹر فیسٹیول کا زبردست انعقاد کرکے فنکار برادری اور عوام کے لئے تفریح کا بندوبدست کردیا ہے جو کہ نہایت خوش آئند اقدام ہے، یہ ان کا ہی کمال ہے کہ انہوں نے آرٹس کونسل کی آبیاری کی ہے اور پورے ملک کے فنکاروں کو یکجا کردیا۔

کورونا کی وجہ سے ثقافتی سرگرمیاں معطل رہیں ڈر اور خوف کی فضاء میں اس طرح کے میلے تازہ ہوا کا جھونکا ہیں، کراچی آرٹس کونسل کا فنون لطیفہ کے پھیلاؤ میں کلیدی کردار رہا ہے، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے کراچی آرٹس کونسل میں منعقدہ  ”عوامی تھیٹر فیسٹیول“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے چہروں پر الگ خوشی نظر آرہی ہے ۔ صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے ثقافتی ڈھول بجانا شروع کردیا ہے ہم بھی احمد شاہ کی دیکھا دیکھی ثقافتی ڈھول گلی گلی بجائیں گے فنکاروں کو دی جانے والے عوامی پذیرائی انتہا پسندی کے حوصلے پست کردے گی۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وبا کے پیشِ نظر ثقافتی سرگرمیاں معطل رہیں لیکن سندھ ثقافتی سرگرمیوں کے آغاز میں دیگر صوبوں پر سبقت لے گیا ہے جس کا ثبوت ’عوامی تھیٹر فیسٹیول‘ کا رنگا رنگ آغاز ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر ثقافت کے شُکر گزار ہیں کہ وہ فیسٹیول میں شریک ہوئے، عوامی تھیٹر فیسٹیول کا اعلان اس لیے کیا کہ ان فنکاروں کا اوڑھنا بچھونا ان کا گھر آرٹس کونسل ہی ہے یہ فنکار مجھ سے ہی امید رکھتے تھے کہ میں کچھ کروں گا، آرٹس کونسل ان فنکاروں کی وجہ سے ہی ہے۔ 

صدر آرٹس کونسل کا مزید کہنا تھا کہ عوامی تھیٹر فیسٹیول میں 18 ڈرامے شامل ہیں جس میں ہمارے منجھے ہوئے فنکاروں کے بچے بھی حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تھیٹر کو سندھ کے دیگر شہروں میں بھی لیکر جائیں گے۔فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔

عوامی تھیٹر فیسٹیول کا افتتاح قومی ترانہ بجا کر کیا گیا۔ اس موقع پر ہدایت کار پرویز صدیقی کا ڈرامہ خالہ خیالوں میں پیش کیا گیا۔

واضح رہے کہ عوامی تھیٹر فیسٹیول کا انعقاد تمام ایس او پیز کے تحت کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد اہل خانہ کے ہمراہ شریک ہوئی۔

تازہ ترین