کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان “ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ اب وہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان کی عوام انتظار کرنا چھوڑ دیں اس حکومت کو گرانے کے لئے جو بھی کرنا پڑا ہم کریں گے،رہنما تحریک انصاف سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ یہ کوئی بریکنگ نیوز تو نہیں ہے کہ یہ اے پی سی کررہے ہیں انہوں نے ایک نہیں کافی اے پی سی کی ہیں ان سب کو اکٹھا ہونا چاہئے یہ ایک جیسے ہیں اور اکٹھے ہی اچھے لگتے ہیں۔ان کا طرز حکومت ایک جیسا کرپشن ایک جیسی ہے،سی ای او کے الیکٹر ک، مونس علوی نے کہا کہ ہم بالکل بھی مسابقت کے خلاف نہیں ہیں یہ تاثر غلط ہے۔رہنما مسلم لیگ ن، محمد زبیر نے کہا کہ اگر آپ عدالتی حکم نامہ بھی دیکھیں یہ تو کہیں بھی نہیں کہا گیا کہ اگر آپ علاج کروا رہے ہیں تو اتنے مہینوں تک بات نہیں کرسکتے ۔اگر وہ بات کریں گے شرکت کریں گے تو اس چیلنج کو پی ٹی آئی اور حکومت کو سیاسی طور پر لینا چاہئے اتنی گھبراہٹ نہیں شو کرنی چاہئے ۔اور ان کے خطاب پر اگر کسی طرح کا اعتراض ہوگاتو وہ قانونی حوالے سے ہوگاپی ٹی آئی کی حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔عمران خان جب مفرور تھے تووہ بھرپور انداز میں تقریریں بھی کرتے تھے اور سارے چینلوں پر نشر بھی کیا جاتا تھا اور وہ عدالت بھی جاتے تھے جب پاناما کا کیس ہورہا تھا۔نواز شریف اگر آدھے گھنٹے کی تقریر کرلیں گے تو نہ ان کی صحت خراب ہوجائے گی اور نہ ہی کوئی بھونچال آنا چاہئے۔پارٹی کے لوگوں پر مقدمات قائم کئے گئے کہ کسی طرح پارٹی کو توڑا جاسکے مگر پارٹی متحد ہے اور اپنے پورے اتحاد کے ساتھ اے پی سی میں شرکت کررہی ہے۔ہماری جماعت میں بھی ایسے لوگ شامل ہیں جو بیرونی دباؤ کی وجہ سے ووٹ ڈالنے نہیں گئے یہ ہماری ناکامی ہے اور یہ ہمیں تسلیم کرنا چاہئے۔یہ جو بات ہوتی ہے کہ شہباز شریف اور نواز شریف سیاست الگ الگ ہے وہ وقت کی مناسبت سے حکمت عملی کافرق ہوسکتا ہے مگر عملی طور پر یکجا ہیں۔میاں نواز شریف اتنی سیاست کریں گے جتنا وہ سمجھیں گے کہ پاکستان کی عوام کے لئے ضروری ہے۔ اب وہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان کی عوام انتظار کرنا چھوڑ دیں اس حکومت کو گرانے کے لئے جو بھی کرنا پڑا ہم کریں گے۔رہنما تحریک انصاف ، سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ کوئی گھبراہٹ نہیں ہے وہ خطاب کریں ان کا جو بھی ڈاکٹر ہے اس نے ان کو کہا ہے کہ آپ نے صبح، دوپہر ، شام سیلفیاں لینی ہیں وہ انہوں نے کرلیا۔اب اس ڈاکٹر نے کہا ہوگا کہ اب ایک ویڈیو لنک بھی کرلیں ایک اے پی سی کرلیں تو آرام آجائے گا اگر ڈاکٹر کی ہدایت ہے تو ضرور کریں۔