تحریک انصاف کےسینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم جمہوریت کو ڈی ریل کرنا نہیں بس پاناما لیکس کی شفاف تحقیقات چاہتے ہیں۔
شاہ محمود کہتے ہیں کہ جمہوریت کو پٹری سے اتارنا نہیں چاہتے، پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے ایسا ضابطہ بنانا چاہیے جواپوزیشن اورحکومت کے لیے قابل قبول ہو۔
اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کے سلسلے میں شاہ محمود قریشی نے قومی وطن پارٹی کے آفتاب شیرپاؤ اور مجلس وحدت المسلمین کے وفد سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی اور پاناما لیکس پر مشاورت کی۔
شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے دیگر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے حوالے سے ایف نائن پارک کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی قیادت سے بھی رابطہ کیا اور پاناما لیکس پر گفتگو کی۔
ہفتہ کو انصاف لائرز فورم کے ہمراہ شاہ محمود قریشی لاہور میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔