• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کا ایک اور یو ٹرن ، ٹک ٹاک کیساتھ معاہدہ منظور کرنے کا عندیہ

واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر یو ٹرن لیتے ہوئے شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کا امریکی کمپنیوں کے ساتھ ہونے والا مجوزہ معاہدہ منظور کرنے کا عندیہ دے دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ انہیں خوشی ہوگی کہ وہ چینی ایپلی کیشنز اور امریکی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو منظور کریں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مجوزہ معاہدے پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ معاہدے کے مطابق تینوں ادارے مشترکہ طور پر امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک نیا ادارہ تشکیل دیں گے جو امریکا میں ٹک ٹاک کے معاملات دیکھے گا۔امریکی صدر کے مطابق نئی کمپنی تشکیل دیے جانے سے 25 ہزار امریکیوں کو روزگار ملے گا اور نیا ادارہ امریکا میں تعلیم کی بہتری کے لیے 5 ارب ڈالر کے فنڈز بھی دے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ ٹک ٹاک، اوریکل اور وال مارٹ کے درمیان اگر معاہدہ ہوجاتا ہے تو وہ اس کی منظوری دیں گے اور اگر وہ معاہدہ نہیں ہوتا تو بھی کوئی بات نہیں۔امریکی صدر کی جانب سے ٹک ٹاک کے معاہدے کو منظور کیے جانے کا عندیہ دیے جانے کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ٹک ٹاک اور امریکی انتظامیہ کے درمیان معاملات بہتر ہوجائیں گے۔
تازہ ترین