• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر،بھارت کااسرائیلی طرزپرکشمیریوں کوجائیدادسے بے دخل کرنے کا منصوبہ

سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے اسرائیلی طرزکے منصوبے پر عمل پیر اہوکر کشمیریوں کو اپنی جائیداد سے بے دخل کرنا شردع کردیا ہے، جنوبی کشمیر میں بھارتی خفیہ ایجنسی نے چھاپہ مار کرایک کشمیری کا مکان سیل کر دیا،وادی میں تلاشی آپریشن اور فوجی محاصرہ جاری۔بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ایجنسی( این آئی اے )نے چھاپے کے دوران جنوبی کشمیر میں ایک کشمیری کا مکان سیل کردیا۔وادی کے کئی مقامات پر تلاشی آپریشن اور فوجی محاصرے جاری ہیں ۔جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں قابض فوج نے عسکریت پسندوں کے دو اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا۔درگاہ حضرت بل کے قریب اچانک فوجی آپریشن سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔کے پی آئی کے مطابق قابض فوج نے مقبوضہ کشمیر میں اسرائیل کے فلسطین سے متعلق منصوبے پر عملدرآمد شروع کردیا ہے جس کے تحت کشمیریوں کو ان کی جائیداوں سے محروم کیا جانے لگا۔منصوبے کے تحت تازہ کارروائی میں بھارتی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے)نے ضلع پلوامہ کے رتنی پورہ گائوں سے تعلق رکھنے والے گرفتار عسکریت پسندکے والد کا مکان سربمہر کر دیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ این آئی اے کی ایک ٹیم نے جموں کشمیر پولیس کے ہمراہ رتنی پورہ علاقے میں داخل ہو کر نذیر احمد ریشی کا مکان سیل کر دیا ۔ نذیر احمد کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ارشاد احمد ریشی کا والد ہے جسکو گزشتہ سال اپریل میں جیش کا کارکن ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ اس پر الزام ہے کہ انہوں نے لیتہ پورہ سی آر پی ایف گروپ سینٹرپر حملے میں عسکریت پسندوں کی معاونت کی تھی۔ اس کیس کے تحقیقاتی آفیسر ڈپٹی ایس پی روندر کمار نے ایجنسی کے اعلی حکام سے اس سلسلے میں باضابطہ اجازت حاصل کرکے ایک آرڈر جاری کرتے ہوئے کہا کہ نذیر احمد ریشی ساکن رتنی پورہ، کاکا پورہ ضلع پلوامہ کا مکان سربمہر کیا جائے جو17مرلہ زمین پر واقع ہے۔ مکان کی سربمہری کے مذکورہ احکامات غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق ایکٹ مجریہ1967کے دفعہ52کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔این آئی اے کے مطابق ارشاد احمد جیش کے سابق عسکریت پسندکمانڈر نورترالی کا اعانت کار رہا جسے قابض فوج نے دسمبر2017میں شہید کیاتھا۔
تازہ ترین