کو ئٹہ (نمائندہ جنگ)کوئٹہ میں سات ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ بچوں کی تعداد 20ہوگئی ہے۔محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پولیو کا نیا کیس کوئٹہ کے نواحی علاقے احمد خانزئی سے رپورٹ ہوا ہے، متاثرہ بچے کو پولیو سے بچاؤ کی دو بار ویکسین پلائی گئی تھی، بلوچستان میں مجموعی طور پر پولیو کے کیسز کی تعداد 20ہوچکی ہے،ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے انسداد پولیو حکام کے مطابق کورونا کے دوران مہم نہ چلائے جانے کے باعث صوبے میں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں دوسری جانب صوبہ بھر میں آج سے انسداد پولیو کی چار روزہ مہم چلائی جارہی ہے، مہم 24ستمبر تک جاری رہے گی،مہم کے دوران 25لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے۔