• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی کرکٹ کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ و سماجی کارکن شنیرا اکرم نے بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت پر طنز کر ڈالا۔

متنازع بیان کی وجہ سے خبروں کی دُنیا میں سب سے آگے رہنے والی بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے گزشتہ دنوں مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنا ایک پیغام جاری کیا تھا جس میں اُنہوں نے خود پر تنقید اور لڑاکا کی چھاپ لگانے والوں کو جواب دیا تھا۔

کنگنا رناوت نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ وہ کچھ ہی عرصے میں بطور بہت لڑاکا شخصیت بن گئی ہیں مگر اس میں کوئی سچائی نہیں ہے، اُن کے ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ کبھی اُنہوں نے خود سے لڑائی شروع کی ہو۔

انہوں نے مزید لکھا تھا کہ اگر اُنہیں کسی نے لڑاکا ثابت کر دیا تو وہ اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کر دیں گی، انہوں نے لڑائی کبھی شروع نہیں کی مگر وہ ہر لڑائی ختم ضرور کرتی ہیں۔

بالی ووڈ اداکارہ نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں لکھا تھا کہ یہ اُن کے مذہب میں ہے کہ جب کوئی آپ سے لڑے یا مقابلہ کرے تو آپ کو لڑائی سے انکار نہیں کرنا چاہیے۔

کنگا رناوت کے اِس ٹوئٹ پر شنیرا اکرم نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’مان لیا کہ آپ خود سے لڑائی شروع نہیں کرتیں لیکن آپ مدر ٹریسا بھی نہیں ہیں، جنہوں نے اپنی ساری زندگی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کی۔‘

شنیرا اکرم  کو سراہتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ ’بھابھی راک، پورا بھارت شاک۔‘

افشین نامی صارف نے لکھا کہ ’بھابھی آپ نے ایک زبردست جواب دیا ہے۔‘

علی صدام نامی صارف نے شنیرا کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ چیز بھابھی۔‘

جہاں صارفین نے شنیرا اکرم کے جواب کو خوب سراہا تو وہیں کچھ صارفین نے شنیرا کو مشورہ دیا کہ آپ کا ایک اعلیٰ معیار ہے آپ کنگنا رناوت جیسے متنازع لوگوں کے بارے میں بات نہ کریں۔

واضح رہے کہ کنگنا رناوت بھارتی آنجہانی اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کے بعد سے متعدد تنازعات میں گھِری ہوئی ہیں جس کی وجہ سے وہ سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا شکار ہیں۔

تازہ ترین