• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب معاملات سے وزیر اعظم کاکوئی لینا دینا نہیں،فیصل جاوید


کراچی (ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ نیب کے معاملات سے وزیراعظم عمران خان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کا کوئی اثر نہیں ہوگا ، اپوزیشن وہ ڈنگ ہے جس سے زہر نکل چکا ہے، اپوزیشن کی اے پی سی میں ہمیں بہت مزہ آتا ہے ، آل پارٹیز کانفرنس ہمارے لیے فیسٹول ہوتا ہے، اپوزیشن اسلام آباد میں دھرنا دیتی ہے تو خوش آمدید کہیں گے، عمران خان کی طرف سے آج بھی اپوزیشن کیلئے کنٹینر حاضر ہے۔

وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف اور پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ بھی شریک تھے۔جاوید لطیف نے کہا کہ حکومت عمران خان کے کنٹرول میں نہیں مگر نیب ان کے کنٹرول میں ہے، اے پی سی قیادت کی گرفتاری کا خطرہ ہے۔

نواز شریف نے اپنی تقریر میں کوئی غیرجمہوری مطالبہ نہیں کیا، نواز شریف جیسے ہی صحت مند ہوں گے کسی کے کہے بغیر واپس آجائیں گے، نیا صوبہ بنانا ہی ہے تو جنوبی پنجاب اور بہاولپور کے صوبے بنائے جائیں۔

ناز بلوچ نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بولنے کا حق نہیں دیا جائے گا تو اے پی سی ہی کرنا پڑے گی، عوام اب الیکشن میں دھاندلی پر نہیں اپنے بچوں کی بھوک پر باہر نکلے گی،پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے متعلق دیگر جماعتوں سے بات کررہی ہے، ہماری توجہ اس وقت گلگت بلتستان میں صاف و شفاف الیکشن کے انعقاد پر ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ نیب کے معاملات سے وزیراعظم عمران خان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کا کوئی اثر نہیں ہوگا ، اپوزیشن وہ ڈنگ ہے جس سے زہر نکل چکا ہے۔

اپوزیشن کے احتجاجی تحریک کے ٹریلرز ہی چل رہے ہیں فلم ریلیز نہیں ہورہی، فلم ریلیز کرنے کیلئے اسٹریٹ پاور کی ضرورت ہے جو صرف عمران خان کے پاس ہے، مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ضرور ان کے ماننے والے اسلام آباد آئے تھے، باقی اپوزیشن لیڈر صرف سیلفیاں لینے کنٹینرپر آتے تھے۔

تازہ ترین