آپ آف لائن ہیں
منگل9؍ربیع الاوّل 1442ھ 27؍اکتوبر 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ ڈبل لیگ کی بنیاد پر ہوگا، کئی نوجوان کرکٹرز پاکستانی ٹیم میں جگہ بناسکتے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی ٹی ٹونٹی کپ ڈبل لیگ کی بنیاد پرہورہا ہے ۔ٹورنامنٹ میں شریک کئی نوجوان کرکٹرزاپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منواکر پاکستانی ٹیم میں جگہ بناسکتے ہیں۔ٹورنامنٹ باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کی راہ ہموار کرنے اور پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کے لیے نومبر میں شیڈول ڈرافٹنگ سے قبل فرنچائز مالکان کی توجہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔بلوچستان کے 19 سالہ فاسٹ بابولرعاکف جاوید اپنی تیز رفتار بولنگ کے باعث ایونٹ میں حریف ٹیموں کے لیے خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ ہیڈ کوچ فیصل اقبال کا کہنا ہے کہ عاکف جاوید ایک بہترین فاسٹ بولرہیں۔ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان کو قومی ٹی ٹونٹی کپ کے لیے سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کی نمائندگی کا موقع ملا ہے۔اب تک 10 ٹی ٹونٹی میچوں میں 124.61 کے اسٹرائیک ریٹ سے 162 رنزبنانے والے جارح مزاج بیٹسمین اعظم خان کے ٹی ٹونٹی کیرئیر میں

ایک نصف سنچری بھی شامل ہے۔ بائیس سالہ اعظم خان کی صلاحیتوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے سندھ کے ہیڈ کوچ باسط علی کا کہنا ہے کہ اعظم خان جیسا کھلاڑی کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سترہ سالہ مڈل آرڈر بیٹسمین قاسم اکرم آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں متاثرکن کارکردگی کی بدولت شائقین کرکٹ اور ہیڈ کوچ شاہد انور کی توجہ حاصل کی۔انہوں نے ایونٹ کے 5 میچوں میں 46.50کی اوسط سے 93 رنز بنائے، جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل تھی۔سنٹرل پنجاب کے ہیڈ کوچ شاہد انور کے مطابق قاسم اکرم ایک باصلاحیت کرکٹر ہیں اور انہیں آئی سی سی انڈر19 ورلڈکپ 2020 میں متاثر کن کارکردگی کی بنیاد پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ سوات سے تعلق رکھنے والے چوبیس سالہ آلراؤنڈر محمد محسن اب تک 15 میچوں میں 115.38 کے اسٹرائیک ریٹ سے 120 رنز بناچکے ہیں۔ اس دوران وہ 14مرتبہ حریف کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ بھی دکھا چکے ہیں۔ پی ایس ایل کا حصہ بننے والے محمد محسن نے پشاور زلمی کی نمائندگی کی۔خیبرپختونخوا کے ہیڈ کوچ عبدالرزاق کا کہنا ہےکہ محمد محسن ایک ٹیلنٹڈ کرکٹر ہیں جو قدرتی طور پر ایک آلراؤنڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ محمد محسن کی ہارڈ ہٹنگ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے خصوصی محنت کررہے ہیں اٹھائیس سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف 30 ستمبر سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں حریف ٹیموں کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔دھواں دھار بیٹنگ کرنے والے ذیشان اشرف اب تک 32 ٹی ٹونٹی میچوں میں 3 نصف سنچریوں کی بدولت 538 رنز بناچکے ہیں۔ 120.62 کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین اب تک اپنے ٹی ٹونٹی کیرئیر میں 57 چوکے اور 15چھکے جڑ چکےہیں۔

اسپورٹس سے مزید