• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرفتاری چاہتے ہیں، اتنا ظلم کریں جتنا سہہ سکیں، شہباز شریف

’گرفتاری چاہتے ہیں، اتنا ظلم کریں جتنا سہہ سکیں‘


لاہور( این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان چاہتے ہیں میں گرفتار ہوجاؤں ‘ جیلیں اور صعوبتیں ہمارے لئے نئی بات نہیں ہیں لیکن عمران نیازی اتنا ظلم کرو جتنا کل سہہ سکو ،وقت بدلتے ہوئے دیر نہیں لگتی‘اس میںکوئی دورائے نہیں کہ آپ کی ’’ منجھی تھلے ڈانگ پھرنی ہے ‘‘، لائحہ عمل تیارکررہے ہیں۔

ہم پاکستان اور نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر ڈالنے کی بھرپور کوشش کریں گے ،مختلف منصوبوں میں ایک ہزار ارب روپے کی بچت کی ہے لیکن جھوٹے الزامات سے مسلم لیگ (ن) کا چہرہ گندا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،اگر فیس نہیں کیس کو دیکھتے ہیں تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہونا چاہیے۔

مالم جبہ کیس‘ہیلی کاپٹر انکوائری اورچینی گندم ادویات اسکینڈل کاکیا بنا ؟ہم ملک کے لئے آواز اٹھا تے رہے ہیں اس کے لئے سب کو یا مجھے جیل بھی جانا پڑا تو یہ بڑی قیمت نہیں ،ہم ان راستوں اور گلیوں سے گزر چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

شہباز شریف نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت اور وزیر عظم سے 22کروڑ عوام مایوس ہوچکے ہیں ‘ نواز شریف کے دور میں جو چینی 60روپے کلو دستیاب تھی وہ آج 100روپے میں مل رہی ہے،پی ٹی آئی کا فارن فنڈنگ کیس سالوں سے التواء کا شکار ہے‘اگر اس پر فیصلہ آئے تو عمران خان ایک سیکنڈ بھی وزیراعظم کے عہدے پر نہ رہے،نیازی نیب گٹھ جوڑ نے غلط کیسز کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ 

علیمہ باجی کی بیرون ملک جائیدادوں پر کوئی بات کرنے کو تیار نہیں‘جائیدادوں کے لئے ایمنسٹی سے فائدہ اٹھایا گیا،عمران نیازی بھی ایمنسٹی سے فیضیاب ہوئے ہیں ۔ہم یہ نہیں کہتے کہ ہم دودھ کے دھلے ہیں لیکن نواز شریف کی لیڈر شپ میں ہماری ٹیم نے دن رات محنت کرکے پاکستان کی تقدیر کو بدلا ہے۔

انہوں نے استفسارکیاکہ مجھے بتائیں مالم جبہ کا کیس کیوں نہیں کھلا‘ہیلی کاپٹر انکوائری کا کیا بنا، چینی ، گندم اور ادویات کے اسکینڈل جو اس حکومت میں ہوئے اس کا کیا ہوا ہے ؟۔ 

آپ اصل میں چینی اسکینڈل کے ملزم ہیں ،عمران نیازی اور وزیراعلیٰ پنجاب اصل ملزما ن ہیں ،دونوں کے نام ’’ع‘‘سے شروع ہوتے ہیں‘ ان سے آج تک پوچھا تک نہیں گیا بلکہ آنکھوںپر پٹی باندھی ہوئی ہے ۔صورتحال بہترنہ ہوئی تو پھر خدانخواستہ پاکستان کی معیشت کو کوئی نہیں بچا سکے گا۔ 

56کمپنیوں کے بارے میں بڑا ڈھول پیٹا گیا لیکن سوادو سال گزر گئے وہ کمپنیاں کہاں ہیں؟ ہماری وفاقی اور پنجاب حکومت کی ایک دھیلے کی کرپشن کا ثبوت سامنے نہیں آیا ‘اگر یہ ثبوت لے آئیں تو قبر سے نکال کر میری لاش کو لٹکا دیں اور مجھے کبھی معاف نہ کرنا ۔

اب ہم پورا لائحہ عمل تیار کررہے ہیں ، میں اگر عمران نیازی کی ہوس میں جیل چلا گیا تو میرے ساتھی اس کو سامنے لائیں گے اور اگر آزاد رہا تو خود سامنے لائوں گا۔یہ شخص خائن جھوٹا ہے ، کیا ایسا شخص 62اور63پر پورا اترتا ہے ، اس شخص نے آج تک میرے کسی نوٹس کا جوا ب نہیں دیا ۔

حکومت کو کہنا چاہتاہوں کہ اپنے گریبان میں جھانکے ،اپنی منجھی تھلے ڈانگ پھیریں اور اس میںکوئی دورائے نہیں کہ یہ ڈانگ پھرنی ہے ،یہ مکافات عمل ہے ،انہوں نے کہا کہ عمران خان نے رات کے کسی پہر یہ اعلان کردیا کہ قرضوں پر قومی کمیشن بنائوں گا ، شاید انہیں کسی پیر خانے سے کہا گیا ہوگا۔

تازہ ترین