• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف منی لانڈرنگ کیس 58 جلدوں کا طویل ترین ریفرنس

لاہور (نمائندہ جنگ) نیب لاہور نے شہباز شریف منی لانڈرنگ کیس میں طویل ترین ریفرنس تیار کرلیا۔ ریفرنس 58 جلدوں(والیمز) پر مشتمل ہے. تمام ملزمان کو فراہم نقول کے صفحات کی تعداد 5 لاکھ سے زائد ہے شہباز شریف پر7ارب سے زائد کے بے نامی اثاثوں کا الزام ہے۔ریفرنس میں شہباز شریف اور اہل خانہ کی جانب سے منی لانڈرنگ کے مکمل طریقہ کار کے بارے میں بتایا گیا ہے۔شہباز شریف کے بے نامی اثاثہ جات کی مالیت 7 ارب سے زائد پائی گئی۔متعدد بے نامی کمپنیوں، کروڑوں روپے کے شیئرز اور بے شمار بینک اکائونٹس میں شہباز شریف کے اربوں روپے بتائے گئے ہیں ۔نیب دستاویزات کے مطابق شہباز شریف کے ظاہر کردہ اثاثوں کی مالیت چھبیس کروڑ ترانوے لاکھ ایک ہزار روپے اور بے نامی اثاثوں کی مالیت سات ارب پانچ کروڑ ستاسی لاکھ روپے ہے ۔نیب دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف کے بے نامی داروں میں فیملی راکین، تین کمپنیاں، خفیہ بنک اکاؤنٹس اور شئیرز شامل ہیں۔بے نامی کمپنی یونی ٹاس اور گڈ نیچر کے اثاثوں کی مالیت ایک ارب اٹھاسی کروڑ اڑتالیس لاکھ سترہ ہزار اور بے نامی کمپنی نثار ٹریڈنگ کے اثاثوں کی مالیت اکیاون کروڑ باون لاکھ اکہتر ہزار روپے ہے، دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے غیر ظاہر شدہ بنک اکاؤنٹس میں ستائیس کروڑ تیرہ لاکھ انتالیس ہزار روپے کے شواہد ملے جبکہ شہباز شریف کے شئیرز کی مالیت ایک ارب بیس کروڑ اور ساٹھ لاکھ ہے۔نیب دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ شریف فیملی کے بے نامی دار اراکین کے اثاثوں کی مالیت تین ارب اٹھارہ کروڑ تیرہ لاکھ پچپن ہزار ہے ۔شہباز شریف کے بے نامی داروں میں نصرت شہباز، سلمان شہباز، حمزہ شہباز، رابعہ عمران اور جویریہ علی شامل ہیں۔
تازہ ترین