• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کرائی جائیں، بھارت کشیدگی بڑھا رہا ہے، پاکستان

کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کرائی جائیں


 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کرائی جائیں۔بھارت کشیدگی بڑھا رہا ہے ۔ مودی سرکار اپنے اندرونی مسائل سے نظر ہٹانے کے لیے ایل او سی پر تناؤ میں اضافہ کر رہی ہے،قابض فوج نے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کا اعتراف کر لیا، سنگین جنگی جرائم کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے ، جودھ پور میں قتل ہونیوالے 11ہندوئوں کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں ۔اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی محاصرے کو ایک سال سے زائد عرصہ ہوچکا ہے، اس دوران سیکڑوں خواتین کی عصمت دری کی گئی، بزرگوں اور بچوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اور پیلٹ گن کے استعمال سے سیکڑوں نوجوانوں کی بینائی چھین لی گئی، بھارتی افواج نے ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ماورائے عدالت قتل کیا۔ پاکستان نے 18 جولائی کو تین کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے، دو ماہ گزر جانے کے بعد بھارتی فوج نے اپنے بیان میں تین کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کا اعتراف کیا، پاکستان سمجھتا ہے کہ بھارتی فوج کا بیان مظالم اور جرائم کا اعتراف ہے، بھارتی فوج کے سنگین جنگی جرائم کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے، پاکستان مطالبہ کرتا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کا خاتمہ کرے ، پاکستان ترک صدر ایردوان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت میں آواز بلند کرنے کو سراہتا ہے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت اپنے اندورنی مسائل سے نظر ہٹانے کے لیے ایل او سی پر تناؤ میں اضافہ کر رہی ہے، رواں برس بھارتی قابض افواج نے ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر جنگ بندی کی 2333 مرتبہ خلاف ورزیاں کیں، ان خلاف ورزیوں میں 18 نہتے شہری شہید اور 185 زخمی ہوئے۔زاہد حفیظ نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بارہا مطالبہ کے باوجود بھارت نے جودھ پور میں قتل ہونے والے 11 ہندوئوں کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کی، اقلیتی رکن اور پاکستان ہندو کونسل کے سربراہ رمیشن کمار نے اس حوالے سے وزیر خارجہ سے ملاقات کی، اور انہوں نے بھارت جانے والے ہندوئوں کی سکیورٹی کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

تازہ ترین