• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ ونڈ پاور کا سعودی عرب بن سکتا ہے، وزیراعظم بورس جانسن

لندن (پی اے) وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ وہ قابل تجدید توانائی پر ایک بڑی شرط لگانا چاہتے ہیں کہ برطانیہ ’’ونڈپاور کے سعودی عربیہ میں تبدیل ہو سکتا ہے‘‘۔ نیویارک میں اقوام متحدہ پر ہونے والی بحث سے ویڈیو لنک کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں ونڈ انرجی کے لئے غیر معمولی مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ 2050 تک زیرو اخراج کاہدف حاصل کرنے میں کامیابی کے لئے نئی ٹیکنالوجی کی ایک رینج اختیار کرے گا۔ واضح رہے کہ برطانیہ اس وقت اقوام متحدہ کی کلائمیٹ کانفرنس کا صدر ہے، جو سی او پی کے نام سے معروف ہے۔ تاہم کورونا وائرس بحران کی وجہ سے اس سال سالانہ اجلاس نہیں ہو سکے گا۔ اسے نومبر 2021 تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ دوسرے ممالک کے رہنمائوں سے ملاقاتوں اور ان سے برطانیہ جیسے جوش وخروش کے اظہار پر ایک پرجوش ایجنڈا رکھتا ہے۔ انہوں نے چین کی جانب سے حال ہی میں اس عزم کے اظہار کی تعریف کی کہ وہ 2060 تک کاربن کے زیرو اخراج کا ہدف حاصل کر لے گا۔ مسٹر جانسن نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک ایک سبز زرعی انقلاب کے ذریعے کوویڈ۔19 وبا کے خاتمہ کے بعد سرسبز برطانیہ کا ہدف حاصل کر لے گا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اس پراسس میں ہزاروں نئی ملازمتیں تخلیق کی جائیں گی۔ ونؑڈ پاور کے ضمن میں انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ہوائوں کے انتہائی انتہائی طاقت ور تھپیڑے موجود ہیں جو کہ ملک کے شمال کے اطراف سکاٹ لینڈ میں چلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہوا سے توانائی پیدا کرنے کے لئے ہمارے پاس غیر معمولی وسائل ہیں۔ نئی ٹیکنالوجی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ برطانیہ کاربن کیپچور اینڈ سٹوریج‘‘ (سی سی ایس) ٹیکنالوجی میں دوسرے ممالک سے بازی لے جائے۔ اس کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی میں گرین ہائوس گیسز مختلف ذرائع مثلاً پاور سٹیشن سےجمع کر کے انہیں زیر زمین سٹور کر لیا جاتا ہے۔ مسٹر جانسن کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جس کے بارے میں انہیں بھی مشکل سے یقین آیا تھا، تاہم اب میں اس کا پرچار کر رہا ہوں۔

تازہ ترین