• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرشکیل نے اپنے ادارے کے ذریعے پاکستان کی خدمت کی، مقررین


کراچی ، لاہور ، پشاور ، راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر ، نمائندگان جنگ )ایڈیٹر انچیف جنگ وجیو گروپ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کیخلاف کراچی ، لاہور ، پشاور اور راولپنڈی سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں اور احتجاجی کیمپوں کا سلسلہ جمعے کے روز بھی جاری رہا ، اس موقع پر سیاسی ومذہبی رہنمائوں ، صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں ، سینئر صحافیوں ، سول سوسائٹی اور مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرا د نے شرکت کی ، مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ میر شکیل الرحمان نے اپنے ادارے کے ذریعے پاکستان کی خدمت کی اور ملک کا مقدمہ لڑا ہے ، میر شکیل الرحمان کا اپنے اصولہ موقف پر ڈٹے رہنا تاریخ کا حصہ بن چکاہے، 196روز سے گرفتار میرشکیل کی رہائی تک جدوجہد جاری رکھیں گے، دوسری جانب کراچی میں صحافی تنظیموں، جنگ جیو ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام میرشکیل الرحمن رہائی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان نے کہا کہ محسن پاکستان، میدان صحافت کے شاہ سوار میرشکیل الرحمان نے اپنے ادارے کے ذریعے پاکستان کی خدمت کی اور پاکستان کا مقدمہ لڑا ہے، جنگ اور جیو پر ظلم کی انتہا ہوچکی ہے، میرشکیل کو فوری رہا کیا جائے، کیمپ سے ایپنک کے سیکرٹری جنرل شکیل یامین کانگا، ایپنک کراچی کے وائس چیئرمین رانا محمد یوسف اور دی نیوز یونین کے جنرل سیکرٹری دارا ظفر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر اقبال خاکسار بھی موجود تھے۔ قاری عثمان نے کہا کہ دوسروں کو بھارتی ایجنٹ کہنے والا عمران خان خود بھارتی ایجنٹ ہے، اس نے بھارت سے کشمیر پر سودے بازی کی اس سے پوچھا جائے اس نے ایسا کیوں کیا۔ میرشکیل الرحمان پوری قوم کی آواز ہے، اگر انہیں رہا نہ کیا گیا تو پاکستان کے بائیس کروڑ عوام سڑکوں پر آجائیں گے اس کی ساری ذمہ داری اس نالائق حکومت پر عائد ہوگی۔ شکیل یامین کانگا نے کہا کہ موجودہ حکومت تو حق اور سچ سننے کیلئے تیار ہی نہیں ہے اور جو جو حق اور سچ کہے گا اسے پابند سلاسل کردیا جائے گا۔ میرشکیل الرحمان بھی حق گوئی کے نتیجے میں گزشتہ سات ماہ سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں۔ رانا یوسف نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار میں آنے سے پہلے کہا تھا کہ میں عوام کو رلائوں گا اور میرشکیل الرحمان کو گرفتار کروں گا تو وہ اپنے وعدے کے مطابق تمام کام کررہا ہے۔ آج میرشکیل الرحمان حق اور سچ کی سزا پا رہا ہے۔ انشاء اللہ آج نہیں تو کل انہیں باعزت رہائی ملے گی۔ دارا ظفر نے کہا کہ عمران خان سن لو تم حق اور سچ کی آواز دبا نہیں سکو گے تم سے پہلے بھی اس ملک میں کئی حکمران آئے اور انہوں نے حق اور سچ کا راستہ روکا لیکن انہیں منہ کی کھانی پڑی اور وہ نیست و نابود ہوگئے آج تم نے بھی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے میرشکیل الرحمان کو گرفتار کروایا ہے لیکن یاد رکھو کل تمہارا بھی احتساب ہوگا اور اپنے لوگوں کی کرپشن کی بناء پر کل تم بھی جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوگے۔

تازہ ترین