وفاقی وزیر فواد چودھری نے طلال چودھری پر ہونے والے مبینہ حملے کے واقعے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
فواد چودھری نے طلال چودھری پر حملے کے سوال پر کہا کہ انہیں نہیں معلوم طلال کے ساتھ کیا ہوا ہے، اس لیے وہ کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں سمجھتے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کے رہنما طلال چوہدری پر نامعلوم افراد نے حملہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا ہے جس کے بعد وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
طلال چوہدری کے بھائی بلال چوہدری کہتے ہیں کہ 4 روز قبل چار نامعلوم افراد نے رات کے وقت طلال چوہدری پر فیصل آباد کے کینال روڈ پر حملہ کیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
بلال چوہدری کے مطابق بھائی طلال چوہدری کو حملے میں معمولی چوٹ آئی ہے اور وہ لاہورکے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق طلال چوہدری کے بائیں کندھے پر چوٹ آئی ہے اور دو روز بعد اسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کا امکان ہے۔