• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب تک مودی سرکار ہے، پاک بھارت کرکٹ سیریز کا امکان نہیں، شاہد آفریدی


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ جب تک انڈیا میں مودی سرکار ہے، پاک بھارت کرکٹ سیریز کے امکانات نظر نہیں آرہے۔

شاہد آفریدی نے عرب میڈیا کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں کرکٹ کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری کا ذریعہ بتایا۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں۔

سابق کپتان نے پاک بھارت کرکٹ کی بحالی میں حکومتِ پاکستان کی مثبت سوچ کو اجاگر کیا۔

بوم بوم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت کھیلوں کے روابط کے لیے تیار بھی ہے لیکن بھارت کی جانب سے ایسا رویہ نہیں۔

انھوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو نتقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب تک بھارت میں مودی سرکار ہے، پاک بھارت سیریز کے انعقاد کا کوئی امکان نہیں۔

شاہد آفریدی نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں پاکستانی کھلاڑیوں کی عدم شرکت کو بھی شدت سے محسوس کیا۔

ایک سوال پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ایک بڑا برانڈ ہے، پاکستان کے ٹاپ پلیئرز کا اس لیگ میں شرکت نہ کرنا نقصان دہ ہے۔

بھارت میں اپنے کرکٹ کھیلنے سے متعلق سابق کپتان نے کہا کہ بھارت میں ان کا ذاتی تجربہ اچھا رہا ہے، جو لوگ ان سے محبت کرتے ہیں، وہ کرتے رہیں گے، کسی کی بھی حکومت سے محبتیں کم نہیں ہوجاتیں۔

اپنے انٹرویو کے دوران شاہد آفریدی پاکستانی سیاست پر تبصرے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے دکھائی دیے۔

سابق کپتان نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عمران خان نے جو الیکشن سے قبل وعدے کیے تھے اسے پورا کریں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام ادارے اور حکومت ایک پیج پر ہیں۔

بوم بوم نے کہا کہ گراؤنڈ اور پِچ کی کنڈیشن بھی عمران خان کے حق میں ہیں بس ایک مضبوط ٹیم ہوجائے تو وہ ملک کے لیے مثبت نتائج دینے لگیں گے۔

تازہ ترین