برطانوی وزیرِ صحت ویس اسٹریٹنگ نے اعلان کیا ہے کہ نئے جنرل فزیشن معاہدے کے تحت خاندانی ڈاکٹروں کو ایمرجنسی (A&E) کے بار بار آنے والے مریضوں کو ترجیح دینا ہوگی تاکہ اسپتالوں پر بڑھتا ہوا دباؤ کم کیا جا سکے۔
یکم اپریل سے نافذ ہونے والے 27-2026 کے معاہدے کے تحت جی پیز پر لازم ہوگا کہ وہ ایسے مریضوں کی نشاندہی کریں جو بار بار اسپتال جاتے ہیں یا ایمرجنسی وارڈ کا رخ کرتے ہیں اور انہیں بروقت اور مسلسل طبی نگہداشت فراہم کریں۔
حکومت کے مطابق 485 ملین پاؤنڈ کے اس پیکج کا مقصد اسپتالوں میں بھیڑ، طویل انتظار اور غیر ضروری داخلوں میں کمی لانا ہے۔ نئے قواعد کے تحت تقریباً تمام ہنگامی کیسز کو اسی دن دیکھنا بھی لازمی قرار دیا جائے گا۔
وزیرِ صحت کا کہنا ہے کہ صرف اسپتالوں کو مزید فنڈ دینا مسئلے کا حل نہیں، بلکہ بنیادی سطح پر صحت کے نظام کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ دوسری جانب برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اسی دن تمام ہنگامی مریضوں کو دیکھنے کی شرط عملی طور پر مشکل ثابت ہو سکتی ہے۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ اضافی فنڈنگ سے مزید جی پیز بھرتی کیے جائیں گے اور مریضوں کو کمیونٹی سطح پر بہتر اور بروقت علاج میسر آئے گا۔