کراچی( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے تحت عوام کے گھمبیر مسائل کے حل اور کراچی کے آئینی و قانونی اور جائز حق کے حصول کے لیے جاری ”حقوق کراچی تحریک“ کے سلسلے میں اتوار 27ستمبر کو 3بجے دن شاہراہ قائدین پر ”حقوق کراچی مارچ“ ہو گا، قافلے، جلوس اور ریلیوں کی شکل میں شاہراہ قائدین پہنچیں گے،تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ، مارچ میں شہر بھر سے مردو خواتین، نوجوان، بچے، بزرگ، مزدور و محنت کش، تاجر،صنعت کار، وکلاء، صحافی، ڈاکٹرز، انجینئرز، طلبہ و طالبات،اساتذہ، علماء کرام، سول سوسائٹی، اقلیتی برادری کے نمائندے، مختلف طبقات و شعبہ زندگی سے وابستہ افراد بہت بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ مارچ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن خطاب کریں گے۔