لاہور (نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے چیف جسٹس سپریم کورٹ کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن نے پورے نظام کو کھوکھلا کردیا ہے میں چیلنج سے کہتا ہوں کہ جماعت اسلامی کی قیادت کا دامن ہر طرح کی کرپشن سے پاک ہے ،ہم اسمبلیوں اور سینٹ میں پہلے بھی رہے اور اب بھی موجود ہیں جماعت اسلامی کے کسی کونسلر،ناظم ،ایم پی اے، وزیر اور ایم این اے پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ۔اس لیے اس کرپٹ نظام کو ہم ہی بدلیں گے وہ جمعہ کے روز آلوچ پورن ضلع شانگلہ میں کرپشن کے خلاف ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔جلسہ سے صوبائی امیر مشتاق احمد خان،اور ضلعی امیر نجیب اللہ نے بھی خطاب کیا۔سراج الحق نے کہا کہ شانگلہ کے عوام اسلام سے محبت کرنے والے ہیں لیکن قومی خزانہ کو لوٹ کر سرمایہ دار بننے والوں نے قوم سے خوشحالی چھین لی ہے۔ان چھوٹے چھوٹے سانپوں کو عوام نے دودھ پلا پلا کر اژدھے بنا دیاجو اب پوری قوم کو ہڑپ کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ کبھی پاناما لیکس اور کبھی بیرون ملک اکائونٹس کی صورت میں ان کی چوریاں منظر عام پر آ رہی ہیں۔ ان کو عام آدمی کے دکھ درد اور مسائل سے کیا لینا دینا۔انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت غریبوں سے تعلق رکھتی ہے۔میں بوڑھے بیمار کے احساسات ، بے روزگار نوجواں کے والدین کا دکھ ،علاج اور تعلیم کے لیے ترستے غریب آدمی کی ضرورتوں سے آگاہ ہوں۔میں محنت کش کی بیچارگی محسوس کر سکتا ہوں چونکہ میں خود ان میں سے ہوں، ہم نے کرپشن فری پاکستان تحریک شروع کر رکھی ہے ۔عوام اگر ایک مرتبہ یہ فیصلہ کر لیں کہ مزید ان سانپوں کو اژدھا بننے نہیں دیں گے تو ہم ان سے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے۔عوام کرپشن کے خلاف تحریک میں ہمارا ساتھ دے۔ان اژدھا قسم کے لوگوں کے بیرون ملک اکائونٹس کے منہ قوم کے لیے کھولیں گے اور ہم اسلامی پاکستان کو خوشحال پاکستان بنائیں گے ۔ سراج الحق