• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلال تشدد معاملہ، پولیس کمیٹی کی انکوائری شروع


فیصل آباد میں مسلم لیگ نون کے رہنما طلال چوہدری پر تشدد کے معاملہ میں تشکیل دی گئی پولیس کمیٹی نے انکوائری شروع کر دی، 4 رکنی انکوائری ٹیم نے خاتون ایم این اے عائشہ رجب کے گھر کا دورہ کیا۔

مسلم لیگ نون کے رہنما طلال چوہدری پر تشدد اور خاتون ایم این اے عائشہ رجب کے مبینہ معاملے پر پولیس نے از خود انکوائری کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ایس ایس پی آپریشن محمد کاشف نے اے ایس پی پیپلز کالونی عبدالخالق کی سربراہی میں 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

انکوائری کمیٹی نے آج خاتون ایم این اے عائشہ رجب کے گھر کا دورہ کیا تاہم خاتون ایم این اے سمیت فیملی ممبران گھر میں موجود نہیں تھے، ملازم نے پولیس کو بتایا کہ فیملی اسلام آباد جا چکی ہے۔

اے ایس پی کا کہنا تھا کہ ایم این اے عائشہ رجب کا بیان لینے ان کی رہائش گاہ آئے تھے، ملازم نے بتایا وہ اسلام آباد چلے گئے ہیں، اب بیان لینے کیلئے اسلام آباد جانا پڑا تو وہاں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ طلال چوہدری کا بھی بیان ریکارڈ کرنے کیلئے ان سے رابطہ کیا جائے گا اور انکوائری مکمل کر کے حتمی رپورٹ پر کارروائی ہوگی۔

تازہ ترین