کراچی (ٹی وی رپورٹ) ساہیوال میں پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما نوید اسلم نے سینئر پوسٹ ماسٹر صوفیہ قاسم کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ سینئر خاتون پوسٹ ماسٹر صوفیہ قاسم نے الزام عائد کیا کہ نویداسلم نے 24 ستمبر کو دفتر آکر تھپڑ مارے، میرے اسٹاف نے مجھے بچایا اور نوید اسلم کو دفتر سے باہر نکالا۔ انہوں نے کہا کہ نوید اسلم نے مجھ پر آفس میں حملہ کرکے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا لیکن پولیس نے مقدمے میں درست دفعات نہیں لگائیں جسکا ملزم کو فائدہ ہوا اور گرفتاری کے اگلے ہی روز عدالت سے ضمانت ہوگئی۔ خاتون نے الزام لگایا کہ نوید اسلم دندناتے کہہ رہا تھا کوئی میرا کچھ نہیں بگاڑ سکتا جبکہ ایف آئی آر میں قابل ضمانت دفعات شامل کی گئیں، ملزم کے پاس اسلحہ تھا لیکن مقدمے میں جان سے مارنے کی دفعات شامل نہیں کی گئیں۔