• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈوین جانسن، ٹرمپ کے مقابلے میں جو بائیڈن کے حامی

مشہور و معروف ریسلر اور ہالی ووڈ اداکار ڈوین جانسن (دی راک) ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن کی حمایت میں سامنے آگئے۔

ڈوین جانسن نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ انہوں نے ماضی میں ری پبلکن اور ڈیموکریٹ دونوں امیدواروں کے لئے ووٹ دیا۔ اس بار ہونے والے انتہائی اہم انتخابات میں انہیں لگتا ہے کہ جو بائیڈن اور کمالا ہیرس ملک کی قیادت کرنے کے لئے بہترین امیدوار ہیں۔

ریسلر اور اداکار نے جو بائیڈن اور کمالا ہیرس سے پوچھا کہ وہ وائٹ ہاؤس میں جانے کے بعد امریکی لوگوں کی عزت کیسے حاصل کریں گے۔

ڈوین جانسن کے سوال کے جواب میں صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کہا کہ ہم ذمہ داری لیں گے، ہم جو کہہ رہے ہیں وہی کریں گے، ہم کامل یا پرفیکٹ نہیں لیکن ہم ذمہ داری لیں گے اور سچ بولیں گے۔ امریکی لوگ مضبوط ہیں اگر آپ ان سے سچ بولیں گے تو وہ آپ کا یقین کریں گے۔

انہوں نے صدارتی امیدوار جو بائیڈن اور کمالا ہیرس کے ساتھ ہونے والی گفتگو کی وڈیو بھی شیئر کی۔

واضح رہے کہ رواں سال نومبر میں امریکا میں صدارتی الیکشن کا انعقاد ہوگا۔

الیکشن نتائج سے متعلق صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے وائٹ ہاؤس میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ نومبر کے انتخابات ہار گئے تو اقتدار کی پرامن منتقلی کا عہد نہیں کر سکتے، وہ سمجھتے ہیں کہ امریکی انتخابات کے نتائج کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین