• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکہ ایلزبتھ کا وہ تاریخی لباس جو ان کی پوتی نے اپنی شادی میں پہنا، نمائش کیلئے پیش

لندن(آئی این پی ) ملکہِ برطانیہ ایلزبتھ دوم کا وہ یادگار اور دیدہ زیب لباس جو ان کی پوتی شہزادی بیٹرس نے بھی اپنی شادی پر پہنا تھا اب عوام کے لیے ونڈسر پیلس میں نمائش کے لیے رکھ دیا گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی شہزادی بیٹرس نے رواں سال جولائی میں اپنی شادی کی سادہ سی تقریب میں اپنی دادی ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم کا وہ لباس پہنا تھا جو ملکہ برطانیہ نے پہلی بار 1962 میں پہنا تھا اور 58 سال بعد پوتی نے پہنا۔ اس لباس کی تاریخی حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے لباس کو نمائش کے لیے رکھ دیا گیا ہے۔ اس لباس کو ونڈسر پیلس میں نمائش کے لیے رکھنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اس لباس کو برطانوی شاہی خاندان کی تاریخ میں منفرد حیثیت حاصل ہوگئی ہے کیوں کہ یہ ملکہ برطانیہ کا واحد لباس ہے جو ان کی پوتی نے عروسی جوڑے کے طور پر استعمال کیا۔ ملکہ کے لیے یہ لباس معروف برطانوی فیشن ڈیزائنر نورمن ہارٹنیل سے تیار کرایا گیا تھا جس میں خالص ریشم استعمال ہوا تھا اور چاندی کی کڑھائی سے لباس کو چار چاند لگائے گئے تھے اس لباس کی ایک اور خاص بات اس پر ڈیزائنر نورمن کے دستخط ہونا بھی ہے۔ 94 سالہ ملکہ برطانیہ نے یہ لباس صرف دو بار زیب تن کیا پہلی مرتبہ 1962 میں لندن میں انگریزی فلم لارنس آف عربیہ کے پریمیئر شو میں شرکت کے موقع پر اور دوسری بار 1967 میں برطانوی پارلیمنٹ کے اجلاس کے افتتاح کے موقع پر پہنا تھا۔ شہزادی بیٹرس نے اپنی دادی ملکہ برطانیہ سے یہ لباس ادھار لیا اور معمولی سی ترمیم کے بعد اپنی شادی کے روز پہنا، اس موقع پر شہزادی نے سر پر وہ تاج بھی سجایا جو ملکہ نے 1947 میں شہزادہ فلپ کے ساتھ اپنی شادی کے موقع پر پہنا تھا۔
تازہ ترین