کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی ضمانت وزیراعظم ہاؤس سے نہیں عدالت میں منسوخ ہوئی ہے، نواز شریف فیصلہ کرلیں کہ نیلسن منڈیلا بننا ہے یا فیڈل کاسترو بننا ہے، آٹے میں نمک کی طرح پاکستانی سیاست میں شیخ رشید کی اہمیت ہے، گلگت بلتستان کا معاملہ وہاں کے عوام کی مرضی کے مطابق حل کریں گے،افغانستان کے امن کیلئے پاکستان کے سہولت کاری کے کردار کو دنیا سراہتی ہے۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا بھی شریک تھے۔محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ نیب حکومت کے ہاتھ میں وفاداریاں بدلنے کا آلہ ہے، ن لیگ کے 60سے 70 ارکان قومی اسمبلی کو نیب کے نوٹسز مل چکے ہیں،باجوہ صاحب صرف پی ٹی آئی کے نہیں ہمارے بھی ہیں،گلگت بلتستان پر بات کرنی ہے تو وزیراعظم آل پارٹیز کانفرنس بلائیں، گلگت بلتستان کا معاملہ متنازع بنانے پر شیخ رشید سے استعفیٰ لینا چاہئے۔وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نےکہا کہ شہباز شریف کی ضمانت وزیراعظم ہاؤس سے نہیں عدالت میں منسوخ ہوئی ہے، انہی عدالتوں سے نواز شریف ،شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کو ریلیف بھی ملے ہیں، عدالتیں آزاد ہیں عدالتوں کو بدنام کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔